نئی دہلی ،07؍جون( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )کرناٹک میں 15 دن پرانے ایچ ڈی کمارسوامی کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے 25 وزراء کو شامل کیا گیا۔کابینہ میں جے ڈی ایس۔کانگریس اتحاد کے کئی لیڈروں کو شامل نہیں کیا گیا۔اس کابینہ میں 14وزیر کانگریس کے، نو وزیر حامی پارٹی جے ڈی ایس اور ایک ایک وزیر بی ایس پی اور کے پی جے پی سے ہیں۔اس کابینہ میں توسیع ہونے کے ایک دن بعد کانگریس کے لئے مشکلات کھڑی ہو گئی ہے اور کئی ممبران اسمبلی کے حامیوں نے مظاہرہ کرنا شروع کر دیا ہے۔کرناٹک میں کانگریس نے جے ڈی ایس کے ساتھ حکومت تو بنا لی ہے لیکن کابینہ کی تقسیم کے ساتھ ہی پارٹی میں گھمسان شروع ہو گئی ہے۔ کانگریس ممبران اسمبلی کے حامی سڑک پر اتر کر ان کے لئے وزیر بنانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔اس میں کانگریس ممبر اسمبلی روشن بیگ کے حامیوں نے کرناٹک ریاستی کانگریس کمیٹی دفتر کے باہر مظاہرہ کیا۔حامیوں کا مطالبہ تھا کہ روشن بیگ کو وزیر کا عہدہ دیا جانا چاہئے۔وہیں ممبر اسمبلی راملنگا ریڈی کے حامیوں نے بھی انہیں وزیر کے عہدے دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔بدھ کو گورنر وجوبھائی والا نے شاہی محل میں ایک تقریب میں نئے وزراء کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔یہ تمام کابینہ رینک کے وزیر ہیں۔پیشرو سددھارمیا حکومت کے کئی وزراء کو نئے کابینہ میں جگہ نہیں ملی جن میں ایم بی پاٹل، دنیش گڈو راؤ، رامالنگا ریڈی، آر روشن بیگ، ایچ کے پاٹل، شیامنور شوشکرپا، تنویر سیت اور ستیش جارکھیہولی شامل ہیں۔کابینہ میں شامل کئے جانے والے رہنماؤں میں کمارسوامی کے بڑے بھائی ایچ ڈی ریونا اور کانگریس لیڈر ڈی کے شیو کمار ہیں۔جے ڈی ایس کے جی ٹی دیوگوڑا کو بھی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے جنہوں نے سابق وزیر اعلی سدارامیا کو میسورو کے چامڈیشوری سیٹ سے شکست دی تھی۔بہرحال سدارامیا بادامی سیٹ سے کامیاب ہوئے تھے اور اب کانگریس پارٹی اراکین کے لیڈر ہیں۔بی ایس پی ممبر اسمبلی مہیش اور کے پی جے پی کے آر شنکر بھی کابینہ وزیر بنے ہیں۔کانگریس کے جن ممبران اسمبلی نے وزیر کے عہدے کا حلف لیا ان میں آر وی دیش پانڈے، ڈی کے شیو کمار، کے جے جارج، کرشنا بایرے گوڑا، شیو شنکر ریڈی، رمیش جارکھیہولی، پریاک کھڑگے، یو ٹی کھادیر، ضمیر احمد خان، شیوانند پاٹل، ویکٹرمنپا، راج شیکھر پاٹل، پٹارگا شیٹی اور جے مالا شامل ہیں۔ جے ڈی ایس کے وزراء میں ایچ ڈی ریوننا، بدپا کاشمپور، جی ٹی دیوگوڑا ، ڈی سی تھمنا، ایم سی مناگلی، ایس آر سرینواس، ویکٹراو نادگوڑا، سی ایس پٹاراجو، سا را مہیش شامل ہیں۔